عثمان بزدار کی عدم پیشی پر عدالت برہم‘ آئندہ پیش نہ ہوئے تو ضمانت خارج: جج
لاہور (خبرنگار) لاہور کی احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری اور کال آپ نوٹس کے معاملے میں دی گئی عبوری ضمانت کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عدم پیشی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر عثمان بزدار پیش نہ ہوئے تو ان کی ضمانت خارج کر دی جائے گی۔ ان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں۔ عدالت نے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 24 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت نمبر چار کے جج شیخ سجاد احمد نے کیس کی سماعت کی۔ سوموار کو سماعت پر عدالت کو بتایا گیا کہ عثمان بزدار کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکتے جس پر عدالت کے فاضل جج برہم ہوئے اور استفسار کیا کہ آٹھ بجے کا وقت تھا، ملزم آئے نہ ہی ان کا وکیل پیش ہوا، عدالت آپ کا انتظار کر رہی ہے، یہ کیا طریقہ ہے؟۔ عدالت کو گونگا بہرہ نہ سمجھیں، میں نے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دینا ہے۔ بعدازاں عدالت نے ایسوسی ایٹ وکیل کی استدعا پر عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں چوبیس اپریل تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔