بنوں اور کچلاک میں آپریشنز ،4 دہشتگرد ہلاک ،4 پولیس اہلکار شہید
اسلام آباد /کوئٹہ/ راولپنڈی/بنوں (خبر نگار خصوصی +بیورورپورٹ+نامہ نگار) بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز سے مقابلے کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دس اور گیارہ اپریل کی رات، سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بنوں کے علاقے نورار میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہے ہیں۔ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔ ادھر کوئٹہ کے قریب کچلاک کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے پولیس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور ایک دہشت گرد مارا گیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشن کوئٹہ کیپٹن (ر) زوہیب محسن نے میڈیا کو بتایا کہ کچلاک میں پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) پر حملوں میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی کی فورس کو ایف سی کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ ایک گھر کا محاصرہ کیا گیا تاہم گھر میں موجود دہشت گرد کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے۔کیپٹن (ر) زوہیب محسن نے بتایا کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ایس ایس پی کوئٹہ نے شبہ ظاہر کیا کہ مارا جانے والا دہشت گرد 2 روز قبل پولیس پر حملے جبکہ ایک ہفتہ قبل ایف سی پر ہونے والے حملے میں ملوث تھا۔ نعش سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردی جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔سکیورٹی ذرائع کے بنوں کے سردی خیل شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایس ایس جی کمانڈوز آپریشن عمل میں لایا گیا۔ اس دوران فورسز کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کیا گیا۔ مارے جانے والوں میں ولی اللہ عرف خلیل سکنہ اخوند خیل اسماعیل عرف خطاب سکنہ نیو سبزی منڈی اور انعام عرف محمد احسان سکنہ میرا خیل شامل ہیں۔ کچلاک میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار اے ٹی ایف اہلکار علی اکبر، فیض محمد، محمد جاوید اور چنگیز خان شہید جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا گیا جبکہ شہید اہلکاروں کے جسد خاکی پولیس لائنز کوئٹہ منتقل کئے گئے۔ جہاں شہداءکی نماز جنازہ ادا کی گئی، جس میں آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ، آئی جی ایف سی چوہدری امیر اجمل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہداءکو چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ بعدازاں شہداءکی تدفین مکمل اعزاز کے ساتھ کر دی گئی۔