پنجاب انتخابات کیلئے 21 ارب ملے نہ مطلوبہ سکیورٹی ، الیکشن کمشن نے رپورٹ سپریم کورٹ جمع کرادی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پنجاب میں انتخابات کے لیے سپریم کورٹ کے حکم پر 21 ارب روپے الیکشن کمیشن کو جاری نہیں کیے جاسکے۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں ایک صفحہ پر مشتمل رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے فراہم نہیں کیے۔ الیکشن کمیشن نے سربمہر رپورٹ سپریم کورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرائی ہے۔ رپورٹ چیف جسٹس پاکستان، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر کو بھجوائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے رپورٹ میں کہا ہے کہ پنجاب کی نگران حکومت کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کے لیے صرف 75 ہزار اہلکار دے سکتے ہیں۔ پنجاب میں انتخابات کے لیے 3 لاکھ سکیورٹی اہلکاروں کی کمی ہے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب الیکشن کے لیے 10اپریل تک فنڈز فراہم کرنے کا کہا تھا۔ اور الیکشن کمشن کو ہدایت کی تھی کہ وہ 11 اپریل کو اس حوالے سے رپورٹ جمع کرائیں۔