کریک ڈاؤن جاری: اوکاڑہ‘ کمالیہ سے 3400 بوری چینی پکڑی گئی‘ 5 گودام سیل
اوکاڑہ‘ کمالیہ (نامہ نگاران) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد چوہدری ضیاء اللہ نے 15/1AL میں غیر قانونی طور پر سٹاک کی گئی چینی کے 700 بیگ قبضہ میں لے لئے‘ چینی کو فور ی طور پر مارکیٹ میں کنٹرول ریٹ پر فروخت کرایا گیا۔ غیر قانونی طور پر چینی ذخیرہ کرنے والے جاوید ولد فرزند علی کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ذخیرہ اندوز کسی رعائیت کے مستحق نہیں ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ڈاکٹر انعم فاطمہ کی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، 2600ء چینی کے بیگز برآمد کر کے 5 گودام سیل کر دیئے۔ تفصیل کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کمالیہ ڈاکٹر انعم فاطمہ نے شہر اور گردونواح میں مصنوعی مہنگائی کے خاتمہ کے لئے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی۔ ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ ذخیرہ اندزوں اور گراں فروشوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ ذمہ داری شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے انتطامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور ایسے افراد کی نشاندہی کریں جو کہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کرتے ہیں۔