• news

غیر آئینی بل پارلیمنٹ سے منظور ہونا جمہوریت کی نفی: پرویز الٰہی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے معروف پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین طاہر جاوید نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چیف جسٹس کے اختیارات محدود کرنے کے متعلق غیر آئینی بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور ہونا جمہوریت کی نفی ہے، سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی، الیکشن کیلئے فنڈز جاری نہ کر کے شہباز شریف توہین عدالت کے مرتکب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور آئین ساتھ ساتھ کھڑے ہیں، پی ڈی ایم ٹولہ اس وقت آئین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال انشاء اللہ اس مشکل گھڑی میں سرخرو ہوں گے۔ قوم ان کے ساتھ ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نوازشریف انتقامی سیاست کر رہے ہیں، ان کا مقصد صرف عمران خان سے بدلہ لینا ہے۔ عمران خان کی ایک کال کا انتظار ہے۔ عوام آئین اور عدلیہ کے تحفظ کیلئے سڑکوں پر آنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کیلئے فنڈز پارلیمنٹ نے نہیں وزیراعظم اور وزیر خزانہ نے جاری کرنے ہیں، پارلیمنٹ عملی طور پر سپریم کورٹ کے خلاف پی ڈی ایم کا کیمپ آفس بن چکی ہے۔ سپیکر راجا پرویز اشرف جاگیں، آئین کی پچاسویں سالگرہ کی نام پر پارلیمنٹ میں گرینڈ سیاسی ڈرامہ رچایا گیا۔ جسٹس اطہر من اللہ اپنے نوٹ میں تسلیم کر چکے کہ نوے روز میں الیکشن پر معزز ججوں میں کوئی اختلاف نہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن