• news

رمیز راجہ کو میںنے نہیں ہٹوایا‘خود عہدہ چھوڑ دینا چاہئے تھا: نجم سیٹھی

لاہو ر( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم عزیز سیٹھی نے کہا ہے کہ میں نے سابق چیئرمین رمیز راجہ کو عہدے سے نہیں ہٹوایا بلکہ انہیں خود حکومت تبدیل ہوتے ہی استعفیٰ دینا چاہیے تھا۔ جب حکومت تبدیل ہوئی تو میں بیٹھا خاموشی سے دیکھتا رہا، میرا یہ خیال تھا کہ رمیز راجہ خود استعفیٰ دے دیں گے کیونکہ یہ قابلِ عزت چیز تھی۔یہ صحیح چیز بھی تھی کیونکہ اس کے بغیر نظام چل نہیں سکتا تھا، جب انہوں نے استعفیٰ نہیں دیا تو پھر میرے پاس دو آپشنز تھے کہ یا تو میں حکومت کو کہتا جیسے چھٹی کرائی جاتی ہے وہ کرائیں اور مجھے انسٹال کردیں کیونکہ یہ آئینی طور پر جائز ہے۔دوسرا یہ تھا کہ رمیز راجہ تھوڑے اور جھولے لے لیں، دیکھ لیں کہ کیا کرتے ہیں، حکومت تک رمیز راجہ کا موقف پہنچایا گیا تھا کہ میں کئی چیزیں کررہا ہوں، فلانی ٹیم آرہی ہے وغیرہ، اسی لئے میں چپ کرکے بیٹھ گیا کہ دیکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پھر وہی ہوا کہ ایک مرحلہ ایسا آیا کہ یہ ہی فیصلہ ہوا کہ اب جانے کا وقت آگیا ہے، رمیز راجہ خود چلے جاتے تو بہتر تھا، نہیں گئے تو فارغ کردیا گیا، اسی لئے میں کہتا ہوں کہ خود ہی چلے جانا چاہیے۔ میں نے عمران خان کی حکومت آتے ہی خود استعفیٰ دے دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن