مردم شماری: بڑے شہروں میں کم گنتی کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی احسن نے ملک بھر میں جاری مردم شماری کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ایک اعلی اجلاس کی صدارت بذریعہ ویڈیو لنک مدینہ منورہ سے کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، چیف مردم شماریات، ڈاکٹر نعیم الظفر، سیکرٹری پلاننگ کمیشن سید ظفر علی شاہ، چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نادرا، منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی، سپارکو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ادارہ شماریات کو ہدایت کی کہ وہ سیکرٹری پلاننگ سید ظفر علی شاہ، صوبائی چیف سیکرٹریز اور چیف مردم شماری کمشنر ڈاکٹر نعیم الظفر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیں جو بڑے شہروں میں کم گنتی کے معاملے کو دیکھنے کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرے تاکہ مردم شماری کے ایک شفاف اور قابل اعتماد فیلڈ آپریشن کو جلد مکمل کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے سپارکو کو بھی ہدایت جاری کی کہ وہ ملک بھر کی کچی آبادیوں کی شناخت کے لیے جیو ٹیگنگ کریں تاکہ ان کی بھی بروقت کاﺅٹنگ ہو سکیں۔
کم گنتی / کمیٹی