سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ : بجلی 46 پیسے یونٹ مہنگی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فی یونٹ بجلی مزید مہنگی کر دی۔ نیپرا نے سہ ماہی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 46 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی ہے۔ بجلی رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے۔ نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بجلی صارفین کو تین ماہ میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔ بجلی صارفین سے اپریل، مئی اور جون کے بلوں میں اضافی وصولیاں کی جائیں گی۔ اعلامیے کے مطابق بجلی مہنگی ہونے سے صارفین پر 15 ارب 45 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ تاہم اضافی وصولیوں کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہو گا۔
بجلی مہنگی