سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویرالیاس کی سزا کیخلاف اپیل آج سماعت کیلئے مقرر
مظفر آباد (نامہ نگار) سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی سزا کے خلاف اپیل آج سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ آزاد کشمیر سپریم کورٹ کا فل بینچ آج سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی درخواست کی سماعت کرے گا۔ آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے سردار تنویر الیاس کے وکلا پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اس اپیل میں سابق وزیراعظم کو موجودہ وزیراعظم کیوں لکھا؟۔ جب آپ کو رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہہ دیا تھا تو بات کیوں نہیں مانی گئی۔ وکیل سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ جناب عالی اس لفظ کو سابق وزیر اعظم ہی تصور کیا جائے۔ چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے کہا کہ ہم کیسے اسے سابق پڑھیں، آپ سینئر وکیل ہیں، یہ سپریم کورٹ ہے کوئی مذاق نہیں، جب تک سپریم کورٹ کی طرف سے کوئی ایکشن نہیں ہوتا، ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رہے گا۔ وہ سابق وزیر اعظم ہی تصور ہوں گے۔ نئی اپیل دوبارہ جمع کرائیں دیکھیں گے اسے کب قبول کرنا ہے۔ بعد ازاں سردار تنویر الیاس کے وکلا کی جانب سے نئی درخواست دائر کی گئی جسے سپریم کورٹ نے آج سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔