حضرت علی المرتضیؓ کی محبت ہمارے ایمان کا جزولاینفک ہے:عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت
لاہور (خصوصی نامہ نگار)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، پیرمیاں محمد رضوان نفیس، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، مولانا محمد اشرف گجر، مولانا عبدالعزیز، مولانا سید عبداللہ شاہ، قاری محمداقبال، مولانا مسعود احمد، مولانا مختار الحق ظفر نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت علی المرتضیؓ کی محبت ہمارے ایمان کا جزولاینفک ہے۔ اللہ تعالی نے آپ کو ان گنت فضائل وکمالات سے نوازا ہے۔آپ داماد رسولؐ،فاتح خیبر اور باب العلم ہیں۔اللہ تعالی نے آپ کو عقل وخرد کی بے شمار صلاحیتوں سے نوازا تھا۔جو مسائل دیگر صحابہ کرام کے نزدیک پیچیدہ اور لاینحل سمجھے جاتے تھے۔ان مسائل کو آپ آسانی سے حل کر دیتے تھے۔علماء کاکہنا تھا کہ حضرت علی المرتضیؓ کا علمی مقام ومرتبہ،ان کی قرآن فہمی،حقیقت شناسی اور فقہی صلاحیت تمام اولین وآخرین میں ممتاز ومنفرد تھی۔ قرآن، تفسیر، حدیث، فقہ اورجملہ دینی علوم کا دریا تھے۔ رسول اکرمؐ سے خاندانی اورنسبی تعلق، ایک عمر کی رفاقت اورروزہ مرہ کی زندگی کوقریب سے دیکھنے کی وجہ سے حضرت سیدنا علی المرتضیؓ کو ذات نبوی کی خاص صفات وکمالات سے گہری مناسبت تھی۔ حضرت علی کی ولادت باسعادت سے پرچم اسلام کو سربلندی حاصل ہوئی آپ کی تعلیمات مبارکہ آج بھی پوری امت کیلئے مشعل راہ ہیں۔