پہلی رمضان المبارک سپورٹس سیریز لاہور ڈویژن نے جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کی نگرانی میں پہلی رمضان المبارک سپورٹس سیریز لاہور ڈویژن نے جیت لی۔لاہور ڈویژن سیریز میں 590پوائنٹس حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہا،فیصل آباد ڈویژن نے 550پوائنٹس کیساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ فاتح ٹیموں اور رنراپ ٹیموں میں 85لاکھ50ہزار روپے کے نقدانعامات تقسیم کئے۔ گوجرانوالہ ڈویژن 105پوائنٹس لے کر تیسری پوزیشن پر رہا،بہاولپورڈویژن نے 45، راولپنڈی اور ملتان ڈویژنز نے 30،30پوائنٹس لئے۔ آخری روز فیصل آباد ڈویژن نے کبڈی چیمپئن شپ جیت لی،فائنل میں لاہور ڈویژن کو 50-32 سے شکست دی،فیصل آباد ڈویژن نے فٹبال چیمپئن شپ بھی جیت لی،فائنل میں لاہور ڈویژن کو 4-1سے شکست دی۔مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے، نئے ٹیلنٹ کو آگے لیکر جائیں گے۔ ہاکی کے 20کھلاڑیوں کو بہترین کاکردگی پر ایک سال کیلئے ماہانہ وظیفہ دے رہے ہیں،کمشنر لاہورمحمد علی رندھاوا نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، کبڈی پنجاب کا مقبول کھیل ہے،نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد اس کی شوقین ہے، کبڈی کاانٹرنیشنل ایونٹ بھی منعقد کرائیں گے جس میں غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔