یوم القدس آج منایا جائے گا‘ احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں آج یوم القدس منایا جائے گا۔ مرکزی القدس کمیٹی نے یوم القدس کے سلسلے میں تیاریا ں مکمل کرلیں، مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کے مطابق مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے بعد از نماز جمعہ شیعہ علماء کونسل پاکستان، جے ایس او اور دیگر تنظیموں کی جانب سے ملک بھر میں پرامن احتجاجی قدس ریلیاںنکالی جائیں گی۔ شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام اڑھائی بجے لاہور پریس کلب سے پی آئی اے بلڈنگ تک القدس ریلی نکالی جائے گی۔ اس موقع پر مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی پرچم لاہور پریس کلب کے باہر نذر آتش کیا جائے گا۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ علامہ شبیر حسن میثمی نے کہاکہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں آج مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی صیہونی تسلط سے آزادی کیلئے یوم القدس کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا آج فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی ، ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے اور اسرائیل و اس کے حواریوں کیخلاف کلمہ حق کہنے کا یوم تجدید عہد ہے۔