سکیورٹی صورتحال، پاکستان میں سویڈن کا سفارتخانہ غیر معینہ مدت کیلئے بند
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پا کستان میںسویڈن سفارتخا نے نے خطرات کی نوعیت کی وضاحت کیے بغیر سکیورٹی صورت حال کو وجہ قرار دیتے ہوئے اسلام آباد میں اپنا سفارت خانہ غیرمعینہ مدت کے لیے بند کر دیا۔ سویڈن کے سفارت خانے کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق کہ اسلام آباد میں سکیورٹی کی صورت حال کی وجہ سے سویڈن کا سفارت خانہ مہمانوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ’مائیگریشن سیکشن اس وقت کسی قسم کی درخواستوں کے لیے فعال نہیں ہے اور اپنے قونصل خانوں یا گھروں میں دستاویزات بھی نہیں بھیج رہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے تکلیف ہوگی تاہم ہمارے درخواست گزاروں اور عملے کے ارکان کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔ مزید بتایا گیا کہ اس وقت سفارت خانے دوبارہ کھولنے کے حوالے سے کسی سوال کا جواب نہیں دیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر آپ اپنے کیس کے بارے میں سوالات کرنا چاہتے ہیں تو مائیگریشن ایجنسی سے رابطہ کریں، سویڈن کے سفارت خانے خطرات کی نوعیت کے حوالے سے وضاحت نہیں کی لیکن خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سویڈن میں حال ہی میں قرآن کی بیحرمتی کے واقعے سے معاملات جڑے ہوئے ہیں۔