ماڈل بازارسبزہ زار کا اچانک دورہ، مفت آٹے کے سینٹرز فوری کھولے جائیں: محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز ماڈل بازار سبزہ زار کا اچانک دورہ کیا۔ محسن نقوی نے مفت آٹے کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔ شہر میں بعض سنٹرز بند کئے جانے کے حوالے سے شہریوں نے شکایات کیں۔ محسن نقوی نے شہر میں مفت آٹے کے بعض سنٹرز بند کئے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو فوری طور مفت آٹے کے بند سنٹرز کھولنے کا حکم دیا۔ ماڈل بازار سبزہ زار میں مرد و خواتین سے گفتگو کی اور آٹے کی فراہمی کے حوالے سے استفسار کیا۔ بعض شہریوں نے شناختی کارڈ کی تصدیق نہ ہونے کے بارے میں شکایات کیں جس پر محسن نقوی نے شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے شہریوں سے قطار بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ عملہ تصدیق سے آٹے کی فراہمی کے عمل کو کم سے کم وقت میں مکمل کرے اور بزرگ شہریوں کو بلاتاخیر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں سکول،کالجز، یونیورسٹیز اور کلب لیول پر کھیلوں کے مقابلے کرانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ صوبہ بھر میں تحصیل، ڈسٹرکٹ، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے اور ایک ماہ تک جاری رہنے والے سپورٹس ایونٹس میں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال، والی بال، اتھلیٹکس اور کبڈی کے مقابلے ہوں گے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی سائٹ پر کھلاڑیوں اور کلب کی آن لائن رجسٹریشن کی جائے گی۔ دوسری جانب کینال روڈ بیجنگ انڈر پاس کے قریب ڈور پھرنے سے نوجوان کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کا حکم دیتے ہوئے پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف موثر کریک ڈاؤن کیا جائے۔ محسن نقوی نے یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ پر سکیورٹی اور امن عامہ کیلئے فول پروف انتظامات پر پولیس و انتظامیہ کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مل کر امن وامان کی فضا کو برقرار رکھا۔ جبکہ گجرات کے تھانہ ڈنگہ کی حدود میں تین بھائیوں سمیت چار افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔