• news

حنا ربانی کی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات، سٹریٹجک پارٹنر شپ میں افغانستان میں امن کیلئے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے ازبکستان میں چین کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی ترجمان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا حنا ربانی کھر نے کین گانگ سے سمرقند میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون پر مبنی سٹریٹیجک پارٹنرشپ اور افغانستان میں امن و استحکام کے لیے دونوں ملکوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ یہ ملاقات سمرقند میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے چوتھے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔  حنا ربانی کھر  ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے  بھی ملیں  وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور معیشت، توانائی، سلامتی اور علاقائی رابطوں میں پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ حسین امیر عبداللہیان اور وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے افغانستان سمیت علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ حنا ربانی کھر نے  ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سیدوف باختیور اودیلووچ سے ملاقات کی۔ تمام شعبوں میں دوستانہ تعلقات بالخصوص رابطوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ عوامی روابط پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانس افغان ریلوے منصوبے پر پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے علاقائی روابط میں اضافہ ہوگا۔ دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کے لئے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) کو جلد فعال کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن