• news

والدین کی فرمانبرادری کا حلف، والدین نیکی، بھلائی،احسان کا سرچشمہ ہیں: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شہر اعتکاف کے ہزاروں معتکفین سے حلف لیا کہ وہ مرتے دم تک اپنے والدین کی نافرمانی نہیں کریں گے اور انہیں اپنے کسی عمل، لفظ یا باڈی لینگویج کے ذریعے اذیت نہیں دیں گے اور بوڑھے والدین کی نگہداشت اسی طرح کریں گے جس طرح بچپن میں وہ نگہداشت کرتے تھے۔ ہزاروں معتکفین والدین کے ادب اور ان کی خدمت کے بارے میں اللہ رب العزت کے احکامات اور حضور نبی اکرمؐ کے فرامین مبارکہ سن کر آبدیدہ ہو گئے اور اللہ کے حضور آئندہ نافرمانی نہ کرنے کا عہد کرتے رہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی صفت تخلیق کے ظہور کیلئے والدین کو منتخب کیا اور اپنے حق معبودیت کو حق والدیت کے ساتھ جوڑ دیا ہے جس طرح اللہ کی معبودیت میں کوئی اس کے برابر نہیں اسی طرح والدین کی ولدیت کے مرتبہ میں کوئی ثانی و شریک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادب کی ابتدا والدین کے ادب سے ہوتی ہے جو والدین کا ادب نہیں کرتا وہ کسی کا تابعدار نہیں ہو سکتا۔والدین نیکی، بھلائی،احسان کا سرچشمہ ہیں ، جس معاشرے سے والدین کا ادب ختم ہو جائے اس معاشرے میں پھر کوئی محترم نہیں رہتا۔

ای پیپر-دی نیشن