• news

مویشی منڈیوںکے قیام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے:ابراہیم مراد

لاہور(خبرنگار)نگراں وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے ہدایت کی ہے کہ مویشیوں کی تجارت کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے سی پیک روٹ کے ساتھ ساتھ موزوں مقامات پر نئی مویشی منڈیاں بنانے کا جائزہ لیا جائے۔ سرگودھا کے قریب مویشی منڈی کے قیام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ ضلع لاہور کے قریب نئی اور وسیع مویشی منڈی بنانے کیلئے رنگ روڈ یا موٹر وے کے قریب 100 ایکڑ اراضی تلاش کی جائے۔ شاہ پور کانجراں لاہور میں ماڈل مویشی منڈی بنائی جائے۔ گزشتہ روز ایک بریفنگ کے دوران انہوں نے پنجاب کیٹل مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبد اللطیف کو ہدایت کی کہ پنجاب کی مویشی منڈیوں کی صفائی، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو بہتر کیا جائے۔ اس مقصد کیلئے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے پیشہ ورانہ تجربے سے استفادہ کیا جائے۔ رواں مالی سال کے ریونیو اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ مویشی منڈی کی کاروباری اہمیت کے پیش نظر اس کی شناخت قائم کی جائے اور اس مقصد کیلئے لوگو ڈیزائن کیا جائے۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ عید الاضحی سے پہلے ضلعی انتظامیہ سے کوارڈینیشن کر کے قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس مقرر کئے جائیں۔ چیف ایگزیکٹو کیٹل مارکیٹنگ کمپنی ریونیو اہداف کے حصول کیلئے اپنے ڈویژنل افسران کی کارکردگی مانیٹر کریں۔

ای پیپر-دی نیشن