قرآن و سنت کے نفاذ سے ملک اسلامی و فلاحی ماڈل ریاست بن جائیگا:لیاقت بلوچ
لاہور خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے جنوبی پنجاب ملتان میں جماعتِ اسلامی کے صوبائی اسمبلی کے امیدواران، ناظمین انتخاب کے اجلاس، وسطی پنجاب کے 13 اضلاع کے امیدواران صوبائی اسمبلی کی آن لائن زوم کانفرنسز اور ملتان میں میڈیا نمائندگان کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ماہِ رمضان میں اہلِ ایمان نے واشگاف اعلان کردیا ہے کہ دین کی محبت اور اللہ اور رسولؐ کے نظام کے نفاذ سے والہانہ محبت رکھتی ہیں۔ پاکستان میں آئین کے مطابق قرآن و سنت کا نفاذ ہوجائے تو ملک مستحکم، خوشحال اور اسلامی و فلاحی ماڈل ریاست بن جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک بڑے سیاسی، آئینی اور اقتصادی بحرانی دلدل میں دھنستا چلا جارہا ہے۔ حکومت، ریاست، سیاست اور عدلیہ باہم دست و گریباں ہیں۔ عام آدمی پِس رہا ہے اور تمام بڑے سٹیک ہولڈرز انا، ضِد، ہٹ دھرمی کے مرض میں مبتلا ہیں۔ سیاسی بحرانوں کا حل فوجی چوکھٹ اور عدلیہ کی دہلیز سے نہیں سیاسی قیادت کو خود حل کرنا ہوگا۔ بدقسمتی سے سیاسی قومی قیادت اپنی نااہلی سے حالات کو گھمبیر بنارہی ہے۔ ملک میں آئین سے بالا کوئی اقدام ہوگا تو اِس کے ذمہ دار اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی ہوگی۔