• news

کرکٹ ٹیموں کی آمدو رفت کے وقت سڑکوں کوبند کیا جائیگا

لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے پاکستان  نیوزی لینڈ کے مابین تین ٹی 20 میچوں کیلئے ٹریفک پلان اور فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے ۔ایس پی صدر آصف صدیق اور ایس پی سٹی شہزاد خان کی نگرانی میں 10 ڈی ایس پیز، 1536 ٹریفک اہلکار ٹیموں کے ہوٹل، ائیرپورٹ، قذافی سٹیڈیم اور پارکنگ پوائنٹس پر ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔غلط پارکنگ کے خاتمے کیلئے 20 فورک لفٹرز، 3 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہیں۔شائقین گورنمنٹ کالج گلبرگ، لبرٹی پارکنگ اور ایل ڈی اے پلازہ میں گاڑیاں پارک کرسکیں گے۔ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم اور سٹیڈیم سے ہوٹل تک ٹیموں کی آمد و روانگی پر روڈز کوبند کیا جائیگا۔ٹریفک پلان کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ کینال روڈ سے آنے والے شائقین فیروزپور روڈ سے گیٹ گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکتے ہیں،ٹھوکر نیاز بیگ سے آنے والے شائقین کیمپس پل برکت مارکیٹ، کلمہ انڈرپاس سے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گے، کینٹ، ڈیفنس، کیولری سے آنے والے شائقین کرکٹ فردوس مارکیٹ سے حسین چوک، لبرٹی پارکنگ اور سن فورٹ ہوٹل پارکنگ میں پارک کرسکتے ہیں، قصور، کاہنہ ماڈلٹاؤن سے آنے والے شائقین فیروزپور مین گیٹ اور سینٹرل پارک کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ کالج میں پارکنگ کرسکیں گے۔ پیدل آنے والے شائقین فیفا گیٹ، لبرٹی اور گورنمنٹ کالج سے سٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن