یوم القدس کے موقع پر ملک بھر میں ریلیاں ، فلسطینیوں کیساتھ اظہار یکجہتی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں جمعہ کو فلسطین اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے طور پر منایا گیا۔ یوم القدس کی مناسبت سے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور پرامن احتجاج کرکے فلسطینیوں کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔ مساجد میں جمعہ کے خطبات میں علماءکرام نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ہونے والی ریاستی دہشت گردی اور مسلمان کش اقدامات کی بھرپور مذمت کی گئی۔ انہوں نے عالمی رائے عامہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ فلسطین اور کشمیر میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم اور قتل عام کو روکنے اور ان علاقوں کی آزادی کیلئے اپنا موثر اور بھرپور کردار ادا کریں۔ اور اسرائیل اور بھارت پر بین الاقوامی دباو¿ بڑھانے کیلئے سفارتی اور سیاسی اثر و رسوخ استعمال کریں۔ کشمیر اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے اور وطن عزیز کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ دریں اثنا عالمی یوم القدس کے موقع پر لاہور مال روڈ پر تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی نے کی جبکہ ریلی میں تمام مکاتب فکر کے علماءکرام اور مشائخ عظام ‘ عوام کی بڑی تعدادنے بھی شرکت کی جنہوں نے فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ ارض مقدس فلسطین پر صہیونزم کی یلغار، اسلام اور مسلمانوں کے قلوب پر ایک دیرینہ زخم ہے جس میں روز بروز شدت لائی جا رہی ہے۔ ادھر امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے زیر اہتمام لاہور میں مال روڈ پر ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک یوم القدس کی مناسبت سے القدس ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر فخر نقوی، مجلسِ وحدت مسلمین پنجاب کے صدر علی اکبر کاظمی، جامعة المصطفیٰ کے آغا محمد خان مہدی، افسر حسین خان، امامیہ آرگنائزیشن سے حسن رضا نقوی، فلسطین فاو¿نڈیشن پاکستان سے عثمان علی اور آغا جواد موسوی نے کی۔ قدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یوم القدس فلسطین، کشمیر، عراق، شام اور یمن کے مظلومین کی داد رسی کا دن ہے۔