• news

دہشت گردوں کے خلاف نیا آپریشن نہیں ، انٹیلی جنس بیس کاروائی جاری رہے گی : خواجہ آصف 


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے دہشتگردوں کے خلاف نئے آپریشن سے متعلق وضاحت کر دی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا سابق دور میں انسانوں کو ذبح کرنے والوں کو صدارتی معافی دی گئی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق موجود تھا کہ سابق دور میں کئے گئے مذاکرات غلط تھے۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا نیا آپریشن نہیں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن جاری رہیں گے، کوئی نئے آپریشن کی بات نہیں، جو سلسلہ پہلے جاری تھا وہی مو¿ثر انداز میں جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ خود اپنے معاملات طے کرے۔ ہمیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ اپنے معاملات طے کریں۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیر صدارت سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس میں پولیس، کسٹم اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ چیک پوسٹس کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی ملک سے باہر سمگلنگ نیشنل سکیورٹی کا مسئلہ ہے، اس مکروہ عمل کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ سنگین مسئلہ ہے، اس کے انسداد کے لیے ہرممکن کوشش کرنا ہوگی، اس کی روک تھام کے لیے سخت فیصلے لینے ہوں گے۔ اجلاس میں پولیس، کسٹم اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل جوائنٹ چیک پوسٹس کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن