ڈالر مزید ایک روپیہ سستا‘ سونا 1100 روپے تولہ مہنگا
کراچی (کامرس رپورٹر) انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ انٹر بینک میں ڈالر مزید 51 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں1روپے سستا ہوگیا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر51پیسہ کمی سے 284.40روپے کی سطح پر آگئی، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 290روپے سے گھٹ کر289روپے کی سطح پر آگئی۔ دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت فروخت1.40روپے اضافہ سے 318اور برطانوی پا¶نڈ کی قیمت فروخت 2روپے بڑھ کر 360روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت7ڈالر اضافہ سے 2034 ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافہ کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت 1100روپے اضافہ سے2لاکھ 18ہزار 600روپے تولہ اور دس گرام سونے کی قیمت 943 روپے اضافہ سے 1لاکھ 87ہزار 414 روپے کی سطح پر رہی۔ جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 20روپے اضافہ سے 2570 روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔