• news

حضرت علیؓ ، شہدائے بدر کی زندگیاں امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں :مولانا محمد امجد


لاہور(خصوصی نامہ نگار) جے یوآئی کے مرکزی رہنما جامعہ رحمانیہ کے ناظم اعلی مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ پرچم اسلام بلند کرنے کے شیر خدا حضرت علیؓ اور شہدائے اسلام کی قربانیاں تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر ہے۔ آپؓ نے پچپن سے ہی حضور کے گھرانہ میں پرورش پائی اور شجاعت کا اعلیٰ درس حضورسے حاصل کیا۔ آپ ان خوش نصیب صحابہؓ میں شامل ہیں جنہیں دنیا میں جنت کی بشارت ملی۔ حضرت علیؓ کی زندگی کے کارناموں کو اختیار کرنے سے دشمن اسلام و دشمن ملک پر حقیقی رعب ڈالا جاسکتا ہے۔ جامع مسجد رحمانیہ میں گزشتہ روز بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت علیؓ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آج ہم یہ عہد کریں ہم اپنی زندگیوں کو ان کی تعلیمات کی روشنی میں حقیقی طور پر ڈھالنے کی کو شش کرتے رہیں گے۔ اسلام کے حقیقی تصور اور روح کو مسخ کر نے والی باطل قوتوں کے مذموم عزائم کو نا کام بنا نے کیلئے ہم ایک ہیں۔ حضرت علیؓ اور شہدائے بدر کی زندگیاں امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں۔ خلفائے راشدین کانظام نافذ کر نے اور پیغام بدر پر عمل کر نے سے ہی ملک بحرانوں سے آزاد ہو سکتا ہے۔ آج ہم کو وطن عزیز کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں اپس کے اختلافات کو ختم کر کے متحد ومنظم ہونے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن