• news

مردم شماری میں 20 اپریل تک توسیع،آبادی 23 کروڑ 4 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جاری ساتویں خانہ و مردم شماری میں 20 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ مردم شماری کی مانیٹرنگ کمیٹی کا وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ایم اکیو ایم کے رہنما وفاقی وزیر امین الحق بھی شریک ہوئے۔ ترجمان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک کے 122 اضلاع کی مردم شماری مکمل ہو چکی ہے، اب تک کی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی آبادی 23 کروڑ 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق کراچی ، لاہور ، راولپنڈی میں مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق بلوچستان میں جیکب آباد سمیت 20 اضلاع میں مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ملک میں جاری ساتویں مردم شماری میں 5 روز کی توسیع کے دوران کراچی کی آبادی میں 10 لاکھ سے زائد افراد کا اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 5 دن کے دوران کراچی کی آبادی میں 12 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا۔ ڈائریکٹر ادارہ شماریات سندھ منور علی گھانگرو نے بتایا کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ کی آبادی 5 کروڑ 43 لاکھ سے زائد ہے۔ منور گھانگرو کے مطابق حیدرآباد ڈویژن کی آبادی ایک کروڑ 9 لاکھ سے ایک کروڑ 12 لاکھ ہو گئی ہے جبکہ کراچی ڈویژن کی اب تک کی آبادی 1 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے۔ یاد رہے کہ سیاسی جماعتوں کے تحفظات کے پیش نظر ملک بھر میں جاری مردم شماری کی تاریخ 10 اپریل سے 15 اپریل تک بڑھائی گئی تھی۔ 
مردم شماری توسیع

ای پیپر-دی نیشن