• news

بلاول کی عید سے قبل افغان قیدی رہا کرنے کی یقین دہانی

کابل+ اسلام آباد (این این آئی) افغان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ امیر خان متقی کا پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹرانزٹ اور دیگر اقتصادی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے افغان وزارت خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیا تکل نے کہا افغان وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ عید سے قبل پاکستانی جیلوں میں قید تمام افغان شہریوں کو رہا کردیا جائے تاکہ یہ اپنے گھروں میں عید مناسکیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ نے قیدیوں کی رہائی کا وعدہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات میں اضافے پر اتفاق رائے کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ افغان وزیر خارجہ نے پاکستانی ناظم الامور عبیدالرحمن نظامانی کو واپس بھیجنے کی درخواست کی جو دو دسمبر کے حملے کے بعد پانچ دسمبر کو پاکستان آ گئے تھے اور ابھی تک واپس نہیں گئے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی ناظم الامور کا عید الفطر کے بعد کابل واپس جانے کا امکان ہے۔ ملاقات میں افغان وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے سے متعلق بھی گفتگو ہوئی ہے جو افغان ذرائع کے مطابق مئی کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے رکن سندھ اسمبلی شمیم ممتاز سے ان کے چھوٹے بھائی کے انتقال پر افسوس و ہمدردی کا اظہار کیا۔ تعزیتی پیغام میں کہاکہ قیادت سمیت پوری پارٹی آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن