محسن نقوی نے 1264پٹرول پمپس کے این او سی جاری کرنے کا حکم دیدیا
لاہور (نیوز رپورٹر + نامہ نگار) نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے پنجاب بھر میں پٹرول پمپس کے عرصہ دراز سے زیر التواء این او سیز یکم مئی تک جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں پٹرول پمپس کے لئے 1264 درخواستیں عرصہ دراز سے التواء کا شکار ہیں۔ این او سیز ملنے سے 30 ہزار سے زائد لوگ برسر روزگار ہوں گے۔ محسن نقوی نے جنوبی وزیرستان کے علاقے زرمیلان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے 2 سکیورٹی اہلکاروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے ٹریفک حادثے میں وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی 20 میچ دیکھا۔ محسن نقوی نے دوسرا میچ جیتنے پر پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کر کے فتح حاصل کی۔ دریں اثناء لاہور پولیس کا ایک اور فرزند کانسٹیبل محمد عرفان فرض کی راہ میں قربان ہو گیا ہے۔ کانسٹیبل محمد عرفان ،چوہنگ کے علاقے چوکی شیر شاہ میں 7 اپریل کو نامعلوم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔ کانسٹیبل محمد عرفان جناح ہسپتال میں زیر علاج تھا، جو گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا ہے۔ شہید کی نماز جنازہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کی گئی۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، کمشنر لاہورڈویژن محمد علی رندھاوا، ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کامران عادل، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی سی آئی اے، ڈویژنل ایس پیز، سینئر افسران، پولیس جوانوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ محسن نقوی نے شہید کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ محسن نقوی، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور نے شہید کے جسد خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ محسن نقوی، آئی جی پنجاب، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا، سینئر پولیس افسران نے شہیدکے ورثا سے ملاقات کی۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے شہید کانسٹیبل محمد عرفان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، سی سی پی او نے شہید کے ورثا کو دلاسہ دیا اور اہلخانہ کی مکمل دیکھ بھال کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید محمد عرفان کے خاندان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔