• news

شب قدر آج منائی جائے گی

جہانیاں(این این آئی)ملک بھر میں شب قدر (آج)17اپریل کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی،محافل شبینہ،شب بیداری،ختم قرآن مجید،صلوٰۃ التسبیح  اور خصوصی عبادات کا اہتمام ہوگا،مساجد کو  رنگ برنگی برقی قمقموں سے بھی سجایا جائے گا،مساجد میں ختم قرآن کے بھی بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے اور فرزندان اسلام نوافل،تلاوت قرآن،ذکر و اذکار اور دعاؤں کے ذریعے رب سے استغفار طلب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق لیلۃ القدر26 اور27رمضان المبارک بمطابق 17اور18 اپریل بروز پیر اور منگل کی درمیانی شب انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔شب قدر کے موقع پرجہانیاں،ٹھٹھہ صادق آباد سمیت ملک بھر کی مساجد میں نماز عشاسے سحری تک ختم قرآن پاک،ذکر الہی کی خصوصی محافل،حسن قرات، حمد و نعت،درود و سلام کی بابرکت تقریبات منعقد ہوں گی، اس رات شب بیداری ہوگی اور اہل اسلام رات بھر عبادت،ذکر اذکار اور نوافل ادا کریں گے اس موقع پر علمائے کرام قرآن پاک کے نزول اور اس کی قدر و منزلت پر روشنی ڈالیں گے جبکہ ملکی سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی مساجد کو برقی قمقموں سے خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کے موقع پر جہانیاں سمیت ملک بھر کی مساجد اورگھروں میں خصوصی عبادات کا انتظام کیا جائے گا۔اس رات محافل شبینہ ،شب بیداری  اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جائے گاہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی رمضان کی 27 ویں شب کو ملک بھر کی ہزاروں مساجد میں ختم قرآن مجید کی سعادت حاصل کی جائے گی جس کے بعد علمائے کرام  اپنے خطبات میں شب قدر کی فضیلت پر روشنی ڈالیں گے۔مساجد اور گھروں میں خصوصی طور پر محافل شبینہ بھی سجائی جائیں گی اور ملک کی مختلف مساجد میں صلوٰۃ التسبیح کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔شب قدر کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے مساجد،امام بارگاہوں،شاپنگ ایریاز اور مختلف شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔لیلۃ القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ طاق راتوں کی تعداد 5 ہے جن میں سے کوئی بھی رات لیلۃ القدر ہوسکتی ہے اور اس شب کو تلاش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ لیلۃ القدر میں عبادت کا ثواب ہزار راتوں سے بہتر ہوتا ہے۔اس رات فرزندان اسلام رات بھر مساجد میں اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر نوافل اور قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادات میں مصروف رہتے ہیں اور رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی ملکی سلامتی و استحکام کی دعائیں مانگتے ہیں۔رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کے ذوق و شوق کو بام کمال تک پہنچانے کے لئے لیلتہ القدر کو مخفی رکھا گیا۔ اگرچہ یہ رات عوام الناس کی نظروں سے پوشیدہ ہے تاہم خواص اس رات سے آگاہ ہوجاتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن