• news

مہنگا پٹرول ظلم ‘ نااہل اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گئے: پرویز الٰہی

لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار نااہل وزیر خزانہ ہیں، ڈار آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گئے لیکن وہ پھر بھی اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔ پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی سے سابق ارکین اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری پرویز الہٰی نے کہا عالمی منڈی میں تیل سستا لیکن پاکستان میں مہنگا کر دیا گیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر کا اضافہ ظلم ہے، آئی ایم ایف کی آشیر باد حاصل کرنے کے لیے نااہل حکمران عوام کا خون چوس رہے ہیں۔ اسحاق ڈار کو اگر کچھ نہیں آتا تو شوکت ترین سے ہی سیکھ لیں۔ ان کا کہنا تھا نااہلوں کا ٹولہ مسلط ہے جس نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، وفاق میں شوباز اور پنجاب میں تڑی باز نے عوام کے لیے 2 وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے خلاف سب سر جوڑ کر کابینہ کے اجلاس پر اجلاس بلا رہے ہیں، نااہل حکمرانوں کو قانون سازی کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان کی عدلیہ کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کی دھمکی قابل افسوس ہے۔ فضل الرحمان کو عدلیہ کے خلاف غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے گریز کرنا چاہیے۔ الیکشن کے بعد پنجاب میں گینگسٹرز کے خاتمہ کے لیے جامع حکمت عملی تیار کریں گے۔ پنجاب کو پھر سے ترقی، خوشحالی اور امن کی راہ پرگامزن کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن