• news

معاملات درست نہ ہوں تو عبادات فائدہ نہیں پہنچا سکیں گی: طاہر القادری


لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاملات درست نہ ہوں تو عبادات کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکیں گی۔ والدین، ہمسایوں، عزیز و اقارب کو نظر انداز کرنے والے روز قیامت اللہ کی نظر شفقت سے محروم رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امانت میں خیانت اور ہر معاملہ میں دروغ گوئی کو عادت بنا لیا گیا۔ ان عوارض سے نجات حاصل کریں، اللہ تعالیٰ ایسے افراد پر اپنی نعمتوں کا سایہ کرتا ہے جو ہر حال میں اللہ کی رضا پر راضی رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا احسان اسلامی تعلیمات کی روح ہے۔ احسان اللہ کی قربت کے حصول کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 27 ویں رمضان شب قدر کے موقع پر عالمی روحانی اجتماع سے خطاب کریں گے اور شب قدر کی فضیلت بیان کریں گے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شب قدر رات 1 بجے ویڈیو لنک پر براہ راست خطاب کریں گے۔ علاوہ ازیں سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گزشتہ روز منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کا دورہ کیا۔ شہر اعتکاف میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈا پور، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، رحیم رزاق و دیگر راہنماو¿ں نے خوش آمدید کہا، چودھری سرور نے افطار شہر اعتکاف میں کیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا وجود ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ منہاج القرآن کا دینی کام اصلاح احوال کے لیے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن