عمران خان کااپنے اوپر قائم 121 مقدمات کے خلاف عدالت سے رجوع
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے اپنے اوپر قائم 121 مقدمات کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں سیکرٹری داخلہ، وزارت قانون، دفاع، سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، اینٹی کرپشن، نیب، ایف آئی اے، وزیر اعظم، پیمرا اور الیکشن کمشن کو فریق بنایا گیا ہے۔ عمران خان کا درخواست میں موقف ہے کہ ملک میں مجھ پر 121 ایف آئی آر درج کی گئیں۔ مقدمات کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں درج کیے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیاں کی گئی ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کے فیصلے تک عدالت درج مقدمات میں کارروائی روکنے کا حکم دے، پہلے سے درج مقدمات میں تادیبی کارروائی سے روکا جائے۔ عدالت بغیرنوٹس فوجداری کارروائی کرنے سے روکنے کا حکم جاری کرے۔