• news

برطانوی وزیرِ داخلہ کا پاکستانیوں کو جنسی زیادتی کا مجرم کہنا سیاسی بیان ہے، برٹش جج

مانچسٹر (این این آئی)برٹش پاکستانی جج غزن محمود نے کہا ہے کہ برطانوی وزیرِ داخلہ کا پاکستانیوں کو جنسی زیادتی کا مجرم کہنا سیاسی بیان ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مانچسٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جج غزن محمود نے کہا کہ وزیرِ داخلہ نے براہ راست پاکستانیوں کو ہدف بنایا ، ان کا بیان غیرمنصفانہ اور غیر ایماندارانہ ہے۔جج غزن محمود کا کہنا تھا کہ وزیرِ داخلہ کو غلط مشورے دئیے گئے ہیں، اعداد و شمار سے واضح ہے ان کا بیان یکسر غلط ہے، جنسی جرائم میں ملوث افراد کی اکثریت برٹش پاکستانیوں کی نہ ہے نہ کبھی تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف پراسیکیوٹر نذیر افضل نے کہا کہ برٹش پاکستانیوں کو جنسی زیادتی کا ذمے دار کہنا درست نہیں، میں نے راچڈیل گرومنگ اسکینڈل میں ملوث مجرموں کو سزا دلوائی، برٹش پاکستانی قانون پر عمل کرنے والے افراد ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ داخلہ کے بیانات سے برٹش پاکستانی تقسیم نہیں ہوں گے، یقینی بنائیں گے کہ ہمارے بچوں کو وہ مواقع ملیں جو ہمیں نہیں ملے، ہم ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔نذیر افضل کا کہنا تھا کہ جنسی زیادتیوں کے واقعات میں سب سے زیادہ ملوث سفید فام برطانوی ہیں، وزیرِ داخلہ کو کہنا چاہیے تھا جنسی زیادتی کے واقعات میں سفید فام ملوث ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن