آصف محمود کی امریکی صدر سے ملاقات، پی ٹی آئی کیخلاف کارروائیوں پر بریفنگ
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی نژاد امریکن ڈیموکریٹ ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی نائب صدر کاملا ہیرس سے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے پاکستان کی سیاسی صورتحال اورپی ٹی آئی کیخلاف کارروائیوں پر بریف کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی نائب صدر سے ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں پر مقدمات اور گرفتاریوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بعض رہنماؤں اور کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی نائب صدر کو بتایا کہ پاکستان میں آزادی اظہار پر قدغن لگائی گئی ہے اور دعویٰ کیا کہ اپوزیشن کو آزادانہ مظاہروں کی بھی اجازت نہیں۔ ڈاکٹر آصف محمود نے عدالتی بحران پر بات کرتے ہوئے کاملا ہیرس کو بتایا کہ چیف جسٹس کے فیصلوں پر عمل سے حکومت گریزاں ہے جس کی وجہ سے قانون کی حکمرانی کا تصور ماند پڑ رہا ہے۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی نائب صدر سے کہا کہ پاکستان میں فوری الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں تاکہ سیاسی اور اقتصادی بحران ختم ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرآصف محمود ہی نے ایوان نمائندگان کی امور خارجہ کمیٹی کے سینیئر رکن بریڈ شرمین پر زور دیا تھا کہ وہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھ کر پاکستان میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور قانون کی حکمرانی کیلئے آواز اٹھائیں اور ان پر زور دیں کہ پاکستانی پالیسی میں جمہوری اقدار کو ترجیح دی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امریکی طاقت ور حلقوں میں حمایت حاصل کرنے کیلئے اپنی مہم وسیع کر رہی ہے۔ ڈاکٹر آصف محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر امریکی نائب صدر سے کیلی فورنیا میں ملاقات اور ان کے ساتھ صورتحال پر تبادلہ خیال کی تصدیق کی۔