افغانستان میں خواتین کے حقوق سے متعلق پالیسیوں پر تشویش ہے: چینی وزیر خارجہ
بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) چین کے وزیر خارجہ کن گینگ نے کہا ہے کہ افغانستان میں خواتین کے حقوق سے متعلق طالبان حکومت کی متعارف کرائی گئی حالیہ پالیسیوں کے اثرات کے بارے میں چین کو تشویش ہے۔ خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ازبکستان کے شہر سمرقند میں ایک علاقائی سربراہی اجلاس کے دوران کن گینگ کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب افغانستان میں طالبان حکام کی جانب سے اقوام متحدہ سے منسلک خواتین پر کام کرنے پر پابندی عائد کرنے بعد عالمی سطح پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڑنہوا کے مطابق کن گینگ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین سمیت افغانستان کے دیگر ہمسایہ ممالک کو افغانستان کی حالیہ پالیسیوں اور اقدامات کے افغان خواتین کے بنیادی حقوق پر ممکنہ اثرات پر تشویش ہے۔ تاہم چینی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ’اگرچہ خواتین کے حقوق کا مسئلہ بہت اہم ہے لیکن یہ واحد مسئلہ نہیں ہے جس کا افغانستان کو سامنا ہے اور نہ ہی یہ افغانستان کے مسائل کی بنیادی وجہ ہے، ہمیں اس مسئلے کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ طالبان حکام نے 2021ء میں اقتدار پر قبضہ کرنے کے بعد سے افغان خواتین پر متعدد پابندیاں عائد کی ہیں۔ طالبان حکام کی دلیل ہے کہ خواتین کی ملازمت پر پابندیوں میں توسیع کی وجہ افغانستان میں اقوام متحدہ کی سرگرمیاں ہیں۔