فیصل آباد‘ متعدد وارداتیں‘ شہری ڈیڑھ کروڑ روپے، قیمتی سامان سے محروم
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ڈکیتی، راہزنی اور چوری کی نان سٹاپ 105 وارداتوں میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز، قیمتی سامان، مویشی، کار اور 45 موٹر سائیکل چھین لیے گئے۔ مختلف علاقوں میں آٹھ گھروں، دو دکانوں اور دو دفاتر سے مجموعی طور پر بیس لاکھ سے زائد نقدی، پچیس تولہ طلائی زیورات، پانچ درجن موبائل فونز اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان ڈاکو اور چور چھین کر لے گئے۔ شہر اور نواحی علاقوں میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران راہزنوں نے آٹھ شہریوں سے نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکل اور تینتیس افراد سے مجموعی طور پر پندرہ لاکھ سے زائد نقدی، سات درجن موبائل فونز اور قیمتی سامان چھین لیا اور چلتے بنے جبکہ شہر اور نواحی علاقوں کے مختلف مقامات سے ایک کار، سینتیس موٹر سائیکل، دو بجلی میٹر، دو عدد ٹرانسفارمر، ساڑھے چار لاکھ روپے مالیت کی گندم، پچاس ہزار روپے مالیت کے درخت، دو عدد پیٹر انجن، دو لاکھ روپے مالیت کی سبزی کی پنیری اور پانچ زمینداروں کے مجموعی طور پر بیس لاکھ سے زائد مالیت کے مویشی چور لے گئے۔