• news

غیر اعلانیہ دولت کیلئے ڈیکلریشن سکیم کا اعلان کیا جائے: حبیب الرحمن زبیری


لاہور( کامرس رپورٹر)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے تجویز دی ہے کہ حکومت فوری طور پر ڈیکلریشن سکیم کا اعلان کرے تاکہ غیر اعلانیہ دولت معیشت کا حصہ بن سکے۔ ٹیکسیشن کا نظام آسان بنایا جائے اور انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس کے متعدد آڈٹس جیسے مسائل فوری حل کیے جائیں۔ اگر ایک کروڑ دکاندار پوائنٹ آف سیلز ٹیکس سسٹم میں رجسٹریشن کرا لیں تو پاکستان کی آمدن کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ”موجودہ معاشی حالات اور ہماری پالیسیاں “ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے صدر قاری زوہیب الرحمن زبیری ،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدر واصف علی اویس،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف االرحمن زبیری،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن،صدیق بٹ ایڈووکیٹ،محمد شفیق راجپوت ایڈووکیٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ مختلف مدوں میں خسارے ہمارے سب سے بڑے مسائل ہیں جس کو کم کر نے کا واحد حل ٹیکس بیس بڑھانا ہے۔ بی ٹی بی براڈنگ آف ٹیکس بیس کو ڈائریکٹوریٹ بنایا گیا مگر اس کی کارکردگی صفر ہے ،پوائنٹ آف سیلز سسٹم کے ذریعے ٹیکس بیس بڑھانا آسان ہے اس کیلئے بنیادی شرط امتیازی سلوک کو ختم کرنا ہوگا۔ پاکستان میں 50 لاکھ بڑی دکانیں اور 75لاکھ چھو ٹے سائز کی دکانیں ہیں جنہیںرجسٹرڈ کیا جا سکتاہے ،اگر ایک کروڑ دکاندار پوائنٹ آف سیلز ٹیکس سسٹم میں رجسٹریشن کرا لیتے ہیں تو یہ پاکستان کی کامیابی کی جانب پیشرفت ہو گی۔ایف بی آر سے مطالبہ ہے کہ پوانٹ آف سیلز سسٹم میں موجود خامیاں اور پیچیدگیوں کو دور کیا جائے تو پاکستان کو کسی غیر ملکی قرضے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن