چینی کمپنی نے سی سی آر آئی ملتان میں کپاس کی اقسام کی آزمائش شروع کردی
ملتان( این این آئی)چینی بیج کمپنی جنگوا نے سینٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان کے فارمز میں سنگل اور ٹرپل جین چینی بی ٹی کپاس کی اقسام کی آزمائش کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت زیادہ پیداوار ، طویل عرصہ اور بیماریوں کے خلاف مزاحمت کے حوالے سے پاکستانی مٹی اور آب و ہوا کے حالات کاجائزہ لیا جائے گا ۔سی سی آر آئی ملتان کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد محمود نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی اور چینی زرعی سائنسدانوں کے درمیان تعاون سے پاکستانی کپاس کی معیشت کو بڑے پیمانے پر فائدہ ہوگا۔ڈاکٹر زاہد نے کمپنی کے نمائندے لی اور دیگر سائنسدانوں کے ہمراہ چینی بیج کمپنی جنگہوا کے بیج ٹرائل کا مشاہدہ کیا ۔ لی نے کہا کہ سنگل اور ٹرپل جین چینی اقسام کی آزمائش کا مقصد پاکستان میں مشینی کاشتکاری، زیادہ کثافت والی کاشتکاری اور بہترین معیار کی فائبر کپاس کی پیداوار کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ قسمیں گلائیفوسیٹ سے پاک تھیں اور بول ورم خاص طور پر گلابی سنڈی کے خلاف مزاحمت رکھتی ہیں۔مزید برآں ان اقسام میں کاٹن لیف کرل وائرس کے خلاف بھی مزاحمت پائی جاتی ہے۔ پاکستانی سائنسدانوں کے ساتھ مسلسل تعاون کے طور پر کمپنی اگلے سال سی سی آر آئی ملتان میں تین مکمل طور پر وائرس سے پاک اقسام کے تجربات شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ڈاکٹر زاہد نے کہا کہ اقسام کے ٹرائل کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے پاکستانی موسمی حالات میں ان سنگل اور ٹرپل جین اقسام کی خصوصیات کا مطالعہ کرنا ہے اور ان کا ڈیٹا پاکستانی سائنسدان پورے سیزن میں مرتب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزمائشی پلانٹس کا قطار سے قطار کا فاصلہ 75 سینٹی میٹر اور پلانٹ سے پلانٹ کا فاصلہ صرف 4 سینٹی میٹر برقرار رہتا ہے اوریہ پانچ ماہ کی فصل ہے۔