کامیابی کےلئے ڈیپارٹمنٹس میں ہاکی کی بحالی ضروری :توثیق ارشد
لاہور(سپورٹس رپورٹر) واپڈا کی ہاکی ٹیم کے کپتان اولمپیئن توثیق ارشد نے کہا ہے کہ ہاکی میں بین الاقوامی سطح نتائج حاصل کرنے کےلئے ڈیپارٹمنٹس میں ہاکی کی بحالی ضروری ہے۔ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں نوکریوں کا کوٹہ بحال کرنے سے نوجوان نسل کھیلوں کی طرف راغب ہوگی جس سے کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی پروفشنل سپر لیگ کروانی چاہئے جس سے ہاکی کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔ ایک دور ایسا تھا ہاکی میں پاکستان کے پاس تمام بڑے بڑے اعزازات تھے جن میں اولمپک، ورلڈ، کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز کے علاوہ دوسرے بین الاقوامی سطح کے ایونٹ شامل تھے۔ کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑی بھی تعلیمی اداروں سے ہی آگے آئے تھے۔ دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ سپانسر کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں کی ترقی میں بھی اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس کھیل میں پاکستان نے دنیا پر کئی سالوں تک حکمرانی کر رکھی تھی لیکن آہستہ آہستہ یہ اعزازات ہمارے ہاتھوں سے نکلتے گئے۔ ہاکی کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کا انعقاد ہونا چاہئے اورا س کےساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں بھی گراس روٹ پر ہاکی ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے۔ قومی ٹیموں کےساتھ تربیت یافتہ کوچز جو خود روزانہ کی بنیاد پر پریکٹس کرتے ہوں لگائے جائیں۔