نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں نئی سنتھیٹک ٹرف بچھانے پر کام شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں نئی سنتھیٹک ٹرف بچھانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ نگران مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں سنتھیٹک ٹرف بچھانے کا افتتاح کیا۔ مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کیلئے پہلا قدم اٹھایا ہے، نئی سنتھٹک ٹرف بچھانے کے منصوبے پر 16 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ہاکی کے کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق سہولت فراہم کر رہے ہیں، پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی واپس لائیں گے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا ہاکی سٹیڈیم ہے اسے مزید بہتر بنائیں گے، ایف آئی ایچ کی منظوری کے بعد ہاکی کا انٹرنیشنل ایونٹ کرایا جائے گا، جلد ہاکی نیشنل سائیڈ ایونٹ کرائیں گے۔ نیشنل ہاکی ایونٹ میں ملک بھر کے کھلاڑی حصہ لیں گے، نجی شعبے کے تعاون سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کو اپ گریڈ کریں گے۔ نئی سنتھٹک ٹرف بچھانے والی کمپنی نے پلوں کے نیچے فٹسال گرانڈ بنا کر دینے کی پیشکش کی ہے۔