• news

ایران ‘سعودیہ تعلقات کی بحالی مسلمانوں کیلئے باعثِ مسرت: شجاعت

اسلام آباد(خبربگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر وسابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی تمام مسلمانوں کیلئے باعثِ مسرت ہے،دو بڑے اسلامی ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کر کے علاقائی تعاون کو فروغ دینا، آج کے وقت کی سب سے اہم ضرورت تھی۔اپنے ایک بیان میں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کا ایک دوسرے کے نزدیک آنا عالمِ اسلام کیلئے باعثِ تقویت ہے،خصوصا یمن میں امن قائم ہونا انتہائی اہم تھا جس میں دونوں برادر مسلم ممالک نے اہم کردار ادا کیا ہے جو کہ علاقے میں اور مسلم دنیا میں دیر پا امن کا ضامن بنے گا، اور خطے میں استحکام اور ترقی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں چین کا دونوں ممالک کے درمیان مصالحتی کردار ادا کرنا قابلِ ستائش ہے،چین نے ایک ذمہ دار عالمی قوت کا کردار ادا کرتے ہوئے، اپنے اثر و رسوخ کو بروئے کار لاتے ہوئے دو اسلامی ممالک کو قریب لانے میں اہم اور مثبت رول ادا کیا ہے،چین کی مداخلت سے یوں علاقائی تنازعوں کا حل اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ عالمی سطح پر طاقت کا توازن بدل رہا ہے اور دنیا ملٹی پولر ورلڈ آرڈر کی طرف بڑھ رہی ہے جس میں چین کا عالمی کردار اور زیادہ بڑھے گا جوکہ خوش آئند ہے،جس سے دنیا کے دیرینہ علاقائی مسائل حل ہونے کی امید بڑھ گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن