آبروئے صحافت مجید نظامی کی برسی آج منائی جائے گی
لاہور (نیوز رپورٹر) آبروئے صحافت، نظریہ پاکستان کے علمبردار، معمار نوائے وقت گروپ مجید نظامی کی نویں برسی آج ستائیس رمضان المبارک کو منائی جائے گی۔ مجید نظامی مرحوم ستائیسویں رمضان کی بابرکت رات کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے تھے۔ مجید نظامی ایک عہد ساز شخصیت تھے۔ انہوں نے نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لئے ساری زندگی وقف کی۔ اس کیساتھ انہوں نے اسلام اور مسلمانوں کی آزادی کی تحریک خصوصاً کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے نوائے وقت کی اشاعتوں میں نمایاں اور روزانہ کی بنیاد پر جگہ دی ۔ ان کی برسی پر ہر برس نوائے وقت کے دفاتر سمیت ملک بھر میں ان کے عقیدت مند خصوصی تقاریب اور دعائے مغفرت کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس حوالے سے آج بھی ان کی یاد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام نوائے وقت کے دفاتر میں کیا جائیگا۔ نوائے وقت کے کارکن اس تقریب میں شرکت کریں گے اور مرحوم کے لئے دعا اور فاتحہ خوانی کریں گے۔