چیلنجز کا حل آئین، پارلیمنٹ کی بالادستی سے ہی ممکن: پرویز اشرف
اسلام آباد (نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے پارلیمنٹ اجتماعی دانش کی نمائندگی کرتی ہے۔ تمام چیلنجز کا حل آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی سے ہی ممکن ہے۔ آئین ہی ہے جو آئین کی بالادستی فراہم کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ قومی تقریری مقابلے کے فائنل رائونڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ملک بھر کے طلباء کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسے بچے پاکستان کا مستقبل روشن کریں گے۔ انہوں نے تمام تعلیمی شعبوں کے نصاب میں آئین کو شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 1973 ء کا آئین اجتماعی دانش کی عمدگی سے نمائندگی کرتا ہے ۔ ہمارا آئین وفاقی، پارلیمانی اور اسلامی ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اعلانیہ مقابلہ جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئین کی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کے سلسلے میں اعلانیہ مقابلہ کا فائنل رائونڈ منعقد کیا گیا۔ ان مقابلوں میں ملک بھر سے طلبا نے حصہ لیا۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مقابلہ جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر جے یو آئی سربراہ سے مفتی عبدالشکور کی ناگہانی وفات پر اظہار افسوس کیا۔ راجہ پرویز اشرف نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ مرحوم کی خدمات کو بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔