• news

زلمے خلیل زاد فراڈیہ ، اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے، شرجیل میمن


 کراچی (آئی این پی ) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ مردم شماری پر سندھ حکومت کو شدید تحفظات ہیں، جن سے وفاق کو آگاہ کردیا، زلمے خلیل زاد امریکا میں بیٹھ کر پاکستان کے معاملات میں مداخلت کررہا ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری پر حکومت سندھ کو سنجیدہ نوعیت کے تحفظات ہیں، اپنے خدشات سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا، وفاق نے تحفظات دور کروانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم پیپلز بس سروس کے کرائے میں اضافہ نہیں کر رہے، سندھ حکومت سبسڈی دے گی، عید پر ٹرانسپورٹرز کرایہ بڑھا دیتے ہیں، جو بھی ٹرانسپورٹرز ایسا کام کریں گے ان کیخلاف ایف آئی آر درج کروائیں گے، بلیک میلنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ای وی بسوں کے 2 نئے روٹس شروع کر دیئے گئے ہیں، کل ایک اور ای وی بس کا روٹ شروع کیا جارہا ہے، یہ روٹ ضلع وسطی سے شروع ہوگا اور ٹاور پر ختم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت کی کمی کا جعلی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا، سندھ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار روپے مقرر کی ہے، ان کا مقصد یہ تھا کہ حکومت کو 4 ہزار میں گندم نہ دیں پرایﺅٹ لوگوں کو دیں، گندم کی اسمگلنگ کو ڈسٹرکٹ وائز بھی دیکھا جارہا ہے۔ زلمے خلیل زاد کو فراڈیہ قرار دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ زلمے خلیل زاد پر منی لانڈرنگ کا الزام ہے، منی لانڈرنگ کے سنجیدہ الزامات پر امریکی حکومت تحقیقات کررہی ہے، زلمے خلیل زاد ایک لابسٹ کی طرح امریکا میں بیٹھ کر پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کررہا ہے، اسے یہ حق کس نے دیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان اور زلمے خلیل زاد طالبان کے حمایتی ہیں، دونوں چور اور ٹھگ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوگئے، عمران خان اقتدار کی خاطر ایک ایک شخص کی منتیں کررہے تھے، وہ اس ملک کیخلاف ایک اور سازش کررہے ہیں، عمران خان نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ شرجیل میمن نے عمران خان کو سپریم کورٹ کے ججز میں اختلافات کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج عمران خان کی وجہ سے سپریم کورٹ میں 2 سوچیں ہیں، بینظیر بھٹو نے کہا تھا کہ ہم نے کبھی بھی عدالت سے لڑائی نہیں کرنی، سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے زرداری حکومت کیخلاف مہم چلائی، ہم تعصب کی سوچ نہیں رکھتے، ہمارا حق مارا جائے گا تو یہ چیز قابل قبول نہیں۔
شرجیل میمن

ای پیپر-دی نیشن