• news

عثمان بزدار کے خلاف انکوائری کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے آج تک مہلت


 لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ نے سردار عثمان بزدار کیخلاف اینٹی کرپشن میں درج مقدمات اور انکوائریز کی تفصیل کے لئے درخواست پر اینٹی کرپشن حکام کو عثمان بزدار کے خلاف تمام کیسز کی تفصیلات ایک روز میں فراہم کرنے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت آج منگل تک ملتوی کردی۔ دوران سماعت عدالت نے سرکاری وکیل کو باور کرایا کہ قتل کیس میں بھی ملزم کو ایف آئی آر دی جاتی ہیں تاکہ ملزم اپنا دفاع کر سکے۔ کرپشن کے کیس میں آپ ملزم کو شکایت کی کاپی کیوں نہیں دے رہے۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے عثمان بزدار کی درخواست پر سماعت کی۔ عثمان بزدار عدالت میں پیش ہوئے۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسی نوعیت کا کیس عثمان بزدار پہلے بھی درخواست دائر کر چکے ہیں۔ عثمان بزدار کی درخواست پر کیسز کی تفصیلات دے چکے ہیں۔ وکیل پنجاب حکومت نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کا وقت ضائع نہیں ہونا چاہیے۔ سابق وزیر اعلی کے خلاف اینٹی کرپشن ڈی جی خان میں مقدمات درج ہیں۔ ڈی جی خان سرکل کے سوا عثمان بزدار کے خلاف اینٹی کرپشن میں کوئی مقدمہ نہیں۔ عثمان بزدار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دس انکوائریز کے علاوہ اینٹی کرپشن نے نئے سرے سے نوٹسز بھیجنا شروع کر دیے ہیں۔ الیکشن ہونے والے ہیں اینٹی کرپشن کی جانب سے عثمان بزدار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن