خالصتان کے قیام سے سکھوں کے مسائل ختم ہو جائیں گے: امرت پال سنگھ
امرتسر (اے پی پی) بھارت میں خالصتان تحریک کے سکھ رہنما اور سکھوں کی تنظیم وارث پنجاب دے کے سربراہ امرت پال سنگھ نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ خالصتان کا قیام چاہتے ہیں اور خالصتان کا قیام ان کا نظریہ ہے کیونکہ اسی سے سکھوں کو درپیش تمام پریشانیوں کا خاتمہ ہو گا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے میڈیا پیغام میں کہاکہ وہ خالصتان کا قیام چاہتے ہیں۔ خالصتان کا قیام ان کا نظریہ ہے اور آزادانہ طور پر سوچنا ان کا پیدائشی حق ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کو اور ان کے ناقدین کو اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے۔ امرت پال سنگھ نے کہا کہ ان کے ساتھ موجود تمام افراد کے پاس لائسنس یافتہ ہتھیار ہیں۔ بھارتی پولیس اور ایجنسیاں وارث پنجاب دے کے خالصتان نواز سربراہ کو گرفتار کرنے کے لیے بھارت میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں کر رہی ہیں۔ امرت پال سنگھ نے حال ہی میں اپنے ایک قریبی ساتھی کو رہا کرانے کے لیے ایک تھانے پر دھاوا بول دیا تھا۔