موثر اقدامات :5 ہزار 590 جرائم پیشہ و قانون شکن عناصر گرفتارکیے:سی سی پی او
لاہور (نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس کارکردگی میں بہتری کیلئے مربوط اور موثر اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔ایمرجنسی ون فائیو کی کال پر ریسپانس ٹائم سمیت چالاننگ کی شرح اور زیر تفتیش کیسز میں پیش رفت کو خود مانیٹر کر رہا ہوں۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور پولیس نے رواں ماہ اپریل کے ابتدائی 15 روز کے دوران جرائم پیشہ و قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 ہزار 590 جرائم پیشہ و قانون شکن عناصر گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کئے۔قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور رابری سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث کیٹیگری اے کے 338 اور کیٹگری بی کے 1841 سمیت مجموعی طور پر 2952 اشتہاری و عادی مجرموں جبکہ 1561 عدالتی مفروروں کو پابند سلاسل کیا گیا۔دریں اثناء سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر لاہور پولیس کا عادی اور جرائم پیشہ گداگروں کے خلاف کریک ڈاون تیزی سے جاری ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کے بھیس میں جرائم پیشہ افراد مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔لاہور پولیس،ضلعی انتظامیہ اور چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی مشترکہ ٹیمیں بچوں سے بھیک منگوانے والے پیشہ ور گداگروں کے خلاف کاروائیاں باقاعدگی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ بچوں کو گداگری کے گھناؤنے دھند ے میں ملوث کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔شاہراہوں پر بھیک مانگنے والے مانگنے والے بچوں کوچائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے حوالے کیا جا رہا ہے۔