2 مقدمات میں علی امین گنڈاپور کی ضمانت‘طبیعت خرابی پر ہسپتال میں چیک اپ، پھر حوالات منتقل
اسلام آباد لاہور (وقائع نگار + خبر نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے علی امین گنڈاپور کی تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں درخواست ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے تین تین لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔ تفتیشی افسر نے اپنا جواب ایڈیشنل سیشن جج سکندرخان کی عدالت میں جمع کروا دیا۔ دوسری جانب ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے دائر درخواست پر پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ستائیس اپریل کو جواب طلب کر لیا۔ انوارا لحق نے علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین کی درخواست پر سماعت کی جس میں مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی استدعا کی گئی ۔علاوہ ازیں علی امین گنڈا پور کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق علی امین گنڈا پور نے طبیعت خرابی کی شکایت کی تھی۔ علی امین گنڈا پور کو طبی معائنے کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ماہر امراض دل‘ میڈیکل سپیشلسٹ اور نیورو سرجن نے طبی معائنہ کیا۔