محنت کش کے گھر پولیس ، رضا کاروں کا چھاپہ ، تشدد سے خاتون ہلاک ، ورثا کا احتجاج
فیروزوالہ شیخوپورہ لاہور (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور روڈ کی آبادی کوٹ عبدالمالک میں تھانہ فیکٹری ایریا پولیس اور قومی پولیس رضاکاروں نے موبائل چوری کی برآمدگی کے سلسلے میں محنت کش الیاس کے گھر چھاپہ مار کر پولیس گردی کی انتہا کردی۔ تشدد کر کے خاتون کی جان لے لی۔ ورثاءنے مقتولہ کی نعش سڑک پر رکھ کر روڈ بلاک کرکے پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ وزیراعلی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ فیکٹری ایریا پولیس کے سب انسپکٹر اعجاز احمد نے دیگر اہلکاروں کے علاوہ قومی پولیس رضا کار حافظ شیراز وغیرہ نے ٹبہ خدا یار (کوٹ عبدالمالک) میں محنت کش محمد الیاس کے گھر چھاپہ مار کر چوری کے موبائل کے شبہ میں اس کے لڑکے وقاص کو پکڑ لیا جس پر اس کی والدہ اور اہل خانہ نے پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی کی۔ اس دوران پولیس نے تشدد کرکے وقاص کی والدہ بشریٰ بی بی کو ہلاک کر دیا۔ پولیس نے الیاس کے گھر سے لوٹ مار کر کے زیورات، نقدی اور قریبی ایک ڈیرے میں بھی داخل ہو کر وہاں سے بھی لوٹ مار کی۔ پولیس نے خاتون کے شوہر کی مدعیت میں سب انسپکٹر اعجاز اور رضاکار حافظ شیراز سمیت متعدد اہلکاروں کے خلاف خاتون کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر لیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی و محکمانہ کارروائی کی جائے۔ سب انسپکٹر اعجاز کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔