• news

بحران منہ کھولے کھڑے‘ علاج بیک وقت الیکشن سے ہی ممکن ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں افراتفری اور زہریلی پولرائزیشن ہے۔ معاشی کے ساتھ ساتھ آئینی اور سیاسی بحران منہ کھولے کھڑے ہیں۔ بدامنی کا راج ہے اور عوام مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہیں۔ ان تمام مسائل کا علاج الیکشن سے ہی ممکن ہے۔ ہم چاہتے ہیں بیک وقت قومی انتخابات ہوں اور مرکز اور صوبوں میں نگران حکومتیں قائم ہو جائیں۔ جماعت اسلامی تمام سیاسی جماعتوں کو اس مقصد کے حصول کے لیے ڈائیلاگ کی طرف بلا رہی ہے، قوم کے اندر وحدت آئے اور23 کروڑ عوام اپنے لیے ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو ملک کو کرپشن، جہالت اور غربت سے نجات دلائے اور اسے جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے صدق دل سے محنت اور جدوجہد کرے۔ امید رکھتا ہوں کہ آئندہ الیکشن پاکستان میں فرسودہ نظام کے خاتمے اور حقیقی تبدیلی اور اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیمرگرہ دیر پائن میں افطارڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کی ٹریفک حادثے میں وفات پر ان کے اہل خانہ سے لکی مروت میں تعزیت اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن