• news

ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے بیت اللہ پر حملہ کی باتیں ناقابل قبول: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ہندوستان کے انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کی طرف سے ارض حرمین شریفین اور بیت اللہ پر حملہ کی باتیں ناقابل قبول ہیں۔ چین نے ایران سعودی عرب تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اگر وہ اسرائیل فسلطین کے معاملہ پر کردار ادا کرتا ہے تو اس کی تائید کی جانی چاہیے ، فلسطین کے مسئلہ کا حل عالم اسلام کو وہی قبول ہو گا جو فلسطینیوں کو قبول ہو گا۔ سعودی عرب نے رمضان المبارک میں امت کو بہت اچھی خبریں دی ہیں۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا شام جانا حالات کی بہتری کی طرف مثبت پیش رفت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء  کونسل اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں اس وقت ایک انتہا پسند اور دہشت گرد گروہ کی حکومت ہے جس نے اقلیتوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے ، ہر مسلمان کی جان و مال ، عزت و آبرو حرمین شریفین پر قربان ہے۔ قطر ، بحرین تعلقات کی بحالی کے بعد متحدہ عرب امارات اور قطر کا قریب ہونا بھی خطہ کے مسائل کے حل میں مدد گار ہو گا، ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب کا شام کے معاملے پر مثبت کردار مسلمانوں کے بہنے والے خون کو روکے گا۔ حوثیوں کے ساتھ یمن کی حکومت کے تعلقات کی بحالی اور سعودی وزیر خارجہ کا شام کا دورہ اچھی اور مثبت خبریں ہیں، امید ہے کہ عراق، شام، یمن کے حالات بہتر سے بہتر ہوں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن