عید کارڈز ارسال کرنے کی صدیوں پرانی روایت دم توڑ گئی
فیصل آباد (اے پی پی) عید الفطر کے موقع پر فرزندان اسلام کی طرف سے اپنے رشتہ داروں، عزیزو اقارب، دوست و احباب اور مختلف مکاتب فکر کے افراد کو عید کارڈز ارسال کرنے کی صدیوں پرانی روایت دم توڑ گئی اور اب عید کارڈز کی جگہ موبائل فون سروسزکے ایس ایم ایس، و اٹس ایپ، فیس بک، ٹوئٹر نے لے لی۔ موبائل فون کمپنیوں نے صارفین کی سہولت اور زیادہ سے زیادہ افراد کو اپنے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے لیے بے شمار پیکج متعارف کروائے ہیں جو انتہائی سستے اور برق رفتار ہونے کے باعث عید کارڈزکی نسبت فوری طور پر متعلقہ افراد تک پہنچ جاتے ہیں۔ عید کارڈز کا کاروبار ماند پڑنے کے باعث جہاں ہزاروں افراد کا روزگار ختم ہو گیا ہے وہیں محکمہ ڈاکخانہ جات کو بھی لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔